کراچی: نیو اسلام آباد ائیر پورٹ کے پارکنگ ایریا میں مسافر بڑے حادثے سے بال بال بچ گئے، پارکنگ ایریا میں بجلی کا پول اچانک مسافر وین پر گر پڑا جس کے باعث 2 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کے پارکنگ ایریا میں بجلی کا پول اچانک مسافر وین پر جا گرا، جس سے مسافر وین میں سوار ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہو گئے جنھیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کے وقت پارکنگ ایریا میں گاڑیوں کی آمد و رفت جاری تھی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے احتیاطی تدابیر اختیار کیے بغیر مرمتی کام اچانک شروع کر دیا تھا، ذرایع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنی غلطی تسلیم کرنے کی بہ جائے ڈرائیور پر دباوٴ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایئرپورٹس پر جدید سیلف چیک ان سسٹم نصب
یاد رہے کہ کراچی میں اگست میں بارشیں شروع ہوئی تھیں تو کراچی ایئر پورٹ کی عمارت کی چھت بھی ٹپکنے لگی تھی، جس سے جناح ٹرمینل کی بین الاقوامی لاؤنج میں پانی جمع ہونے لگا تھا، جس کے لیے انتظامیہ نے بالٹی رکھ دی تھی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے بڑے ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے جدید سسٹم متعارف کراتے ہوئے خود کار چیک اِن مشینیں نصب کر دی ہیں، جس کے بعد اب مسافر اپنی مدد آپ کے تحت اپنا بورڈنگ پاس حاصل کر سکیں گے۔