منگل, اپریل 22, 2025
اشتہار

غزہ میں جنگ کے خاتمے کیلیے قطر اور مصر کی نئی تجویز سامنے آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

غزہ میں اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جنگ کے خاتمے کیلیے قطر اور مصر کی جانب سے نیا فارمولا تجویز کر دیا گیا۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی مذاکرات سے منسلک ایک سینئر فلسطینی عہدے دار نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ قطر اور مصر نے غزہ میں جنگ کے خاتمے کیلیے ایک نیا فارمولہ تجویز کیا ہے۔

فلسطینی عہدے دار کے مطابق تجویز کردہ فارمولے میں کہا گیا کہ اس میں پانچ سے سات سال تک جنگ بندی، اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں کے بدلے تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی، جنگ کا باقاعدہ خاتمہ اور غزہ سے اسرائیلی فوجیوں کا مکمل انخلا شامل ہے۔

دوسری جانب، حماس کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد مذاکرات کیلیے قاہرہ پہنچ رہا ہے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان آخری جنگ بندی ایک ماہ قبل اُس وقت ختم ہوگئی جب اسرائیل نے غزہ پر دوبارہ بمباری شروع کی جبکہ دونوں فریقوں نے اسے جاری رکھنے میں ناکامی کا الزام ایک دوسرے پر عائد کیا۔

اسرائیل کی جانب سے قطر اور مصر کے تجویز کردہ فارمولے پر اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

غزہ کی وزارت صحت کے ایک طبی اہلکار نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ پیر کی شام سے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 22 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

غزہ کے رہائشیوں نے اسرائیلی فضائی حملوں کو انتہائی شدید قرار دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملوں میں ایسے درجنوں بلڈوزر اور بھاری مشینری تباہ ہوگئی جو سڑکوں کو دوبارہ کھولنے، ملبہ صاف کرنے اور ملبے کے نیچے پھنسے لوگوں کو بچانے کیلیے استعمال کی جاتی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں