لاہور: وزیر اطلاعات و نشریات اور ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ تھیٹرز کے حوالے سے نیا قانون آئندہ ہفتے آ رہا ہے، پنجاب سینسر بورڈ آئندہ 2 سے 3 روز میں ازسرنو تشکیل دیا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مجھ سمیت پنجاب کا ہر شہری چاہتا تھیٹرز کا ماحول فیملی کیلیے ہو، ایسے تھیٹرز ڈرامے بننے چاہئیں جہاں لوگ فیملیوں کے ساتھ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جو تھیٹرز میں فحاشی پھلائے گا اس کو پہلے 3 نوٹس دیے جائیں گے اور پھر تھیٹرز پر تاحیات پابندی عائد کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کے ہوتے ہوئے تھیٹرز میں بے حیائی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عظمیٰ بخاری
صوبائی وزیر نے بتایا کہ 17 اپریل 2025 کو پنجاب حکومت کلچر ڈے منانے جا رہے ہیں، کلچر ڈے میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خود شرکت کریں گی۔
گزشتہ ہفتے عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ تھیٹرز کے نام پر کسی کو فحاشی اور بے حیائی پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتے، تھیٹرز مالکان معاہدے کے مطابق تھیٹرز کو چلانے کے پابند ہیں جو خلاف ورزی کریں گے انہیں تھیٹر چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ تھیٹرز مالکان عید پر شہریوں کو اچھی اور معیاری تفریح فراہم کریں، غیر قانونی اور بغیر لائسنس کسی کو تھیٹرز چلانے کی اجازت نہیں، جو غیر قانونی یا بغیر لائسنس تھیٹرز چلائے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی، جلد خود بھی مختلف اضلاع کے تھیٹرز کے سرپرائز وزٹ کروں گی۔