اسلام آباد :ملک بھر میں آج سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گا جبکہ کراچی میں مون سون بارشوں کے نئے سسٹم کا آغاز اگلے ہفتے سے ہوگا، سندھ، پنجاب، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان سمیت بالائی علاقوں میں بادل برسنے کا امکان ہے۔
ملک میں مون سون بارشوں نے ایک بار پھر انٹری دیدی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے رواں ہفتے کراچی سے کشمیر تک موسم خوشگوار اور آسمان بادلوں سے ڈھکا رہے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ کراچی میں مون سون بارشوں کے نئے سسٹم کا آغاز اگلے ہفتے سے ہوگا جبکہ 2سے 3روز بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہے گا.
موسم کی خبر دینے والوں نے آج بارش کی نوید سنا دی ہے، جہلم اور سیالکوٹ میں برکھا رت نے موسم سہانا کردیا، لاہور میں بھی سرمئی بادلوں نے سورج کی کرنوں کو ماند کر دیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے گھنگھور گھٹائیں آج جم کر برسیں گی، اسلام آباد،گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد میں آندھی کے ساتھ رم جھم ہوگی ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان اور ساہیوال ڈویژن میں بھی بادل برسیں گے ۔
خیبر پختونخواہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر بھی شہری بارش کا مزہ اٹھائیں گے، بارشوں کے باعث کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائنڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔