لاہور: پنجاب میں بےگھر افراد صوبائی حکومت کے اقدام سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہوجائیں، ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کے لیے اپلائی کرنے کی آج آخری تاریخ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپارٹمنٹس بے گھروں کو چھت دینے کے وعدے کی تکمیل ہے، عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کرکے سنگ میل عبور کر لیا، 8500 کنال پر35 ہزار سے زائد اپارٹمنٹس بنا کر وعدہ پورا کریں گے، پہلے مرحلے میں4 ہزاراپارٹمنٹس کی تعمیر کا پراجیکٹ جلد شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے ملازمین کو نرم شرائط پر قرض اور سبسڈی بھی دی جائے گی۔
صوبائی وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے، پنجاب بدل رہا ہے، ترقی آرہی ہے، تیزی سے خوشحال پاکستان کے سنگ میل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں گھر کیلئے آسان قسطوں پر قرضے، عوام کیلیے بڑی خبر
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔