کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ضلع وسطی، غربی اور کورنگی میں پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے تینوں ضلعوں میں دوبارہ پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے شعبہ پاسپورٹ نے دفتر کے لیے سروے کا کام شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک دفتر ناظم آباد نمبر 1 میں ای او بی آئی بلڈنگ میں قائم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ نئے دفتر کے قیام سے ضلع وسطی رہائشیوں کو پاسپورٹ کے حصول میں درپیش دشواریاں دور ہوجائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی میں پاسپورٹ آفس قائم ہونے سے یومیہ 500 سے 600 درخواست گزاروں کو پاسپورٹ فراہمی کی کارروائی ممکن ہوسکے گی۔
عید کے بعد نئے پاسپورٹ آفسز کو حتمی شکل دے دی جائے گی جہاں پر شہریوں کو نئے دفتر کے قیام سے آسانی ہوگی اور تمام تر سہولتیں میسر ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں ضلع غربی اور ضلع کورنگی کے لیے بھی پاسپورٹ آفس قائم کرنے کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
ضلع وسطی، غربی اور کورنگی میں نئے پاسپورٹ آفسز قائم ہونے سے شہریوں کو پاسپورٹ بنوانے میں آسانی ہوجائے گی۔