کراچی: شہر قائد میں کانگو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا، متاثرہ شخص کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، حالت تشویش ناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک جانب عید الاضحیٰ کی مناسبت سے کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگی ہے، تو دوسری جانب کانگو وائرس کا بھی خطرہ برھ چکا ہے۔
جناح اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں کانگو وائرس سے متاثرہ مریض داخل کیا گیا ہے، 23 سالہ مریض کا تعلق نیو کراچی سے ہے۔
انتظامیہ کے مطابق کانگو سے متاثرہ مریض کی حالت تشویش ناک ہے، جناح اسپتال میں اب تک کانگو سے متاثرہ 8 مریض داخل کیے گئے، جبکہ اسپتال لائے گئے کانگو سے متاثرہ 2 مریض انتقال کرچکے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے قربانی کے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، تاکہ اس جان لیوا وائرس سے ہرممکن بچا جاسکے۔
قومی ادارہ صحت کی کانگو وائرس سے متعلق گائیڈ لائنز جاری
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں عید قرباں سے پہلے کانگو وائرس کے پھیلاؤ کے خدشہ کے تحت قومی ادارہ صحت نے کانگو وائرس سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کی تھیں۔
گائیڈ لائنز کے مطابق کانگو بخار خطرناک نیرو نامی وائرس سے پھیلتا ہے۔ کانگو مویشی کی کھال سے چپکی چیچڑوں میں پایا جاتا ہے، چیچڑی کے کاٹنے سے وائرس انسان کو منتقل ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ قومی ادارہ صحت کے مطابق نیرو وائرس صرف انسانوں میں کانگو بخار پھیلاتا ہے۔ نیرو وائرس انسانی خون، تھوک اور فضلات میں پایا جاتا ہے۔