لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، آئین کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان، کوچ اور چیف سلیکٹر کی تعیناتی چئیرمین کی صوابدید ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا آئین 31 صفحات پر مشتمل ہے، آئین میں ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جگہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز شامل کی گئی ہیں، جو ایکٹو کرکٹ کلبز پر مشتمل ہوں گی۔
نئے آئین کے تحت پی سی بی کا گورننگ بورڈ 11 اراکین پر مشتمل ہوگا، یہ بورڈ چئیرمین پی سی بی کا انتخاب کرے گا، بورڈ میں 3 صوبائی ایسوسی ایشنز کے نمائندے شامل ہوں گے، 4 آزاد ڈائریکٹرز، 2 پیٹرن نمائندے، چیف ایگزیکٹو یا سی ای او، سیکریٹری آئی پی سی شامل ہوں گے۔
تازہ خبریں پڑھیں: پری سیزن کیمپ، پی سی بی نے 20 کھلاڑیوں کو این سی اے طلب کرلیا
آئین کے مطابق ایکٹو کلبز کے صدور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا انتخاب کریں گے، کلب کی سطح پر تمام سرگرمیوں کو صوبائی ایسوسی ایشنز مانیٹر کریں گی، سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن الیکشن سے ایک برس قبل فہرست فراہم کرنے کی پابند ہوگی، جب کہ ایسوسی ایشنز کے علاقوں کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔
نئے آئین میں پہلی مرتبہ سٹی ایسوسی ایشنز کو فنڈز خود بنانے کی بھی اجازت دی گئی ہے، یہ صوبائی بورڈ یا ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا انتخاب کریں گی، تمام ایسوسی ایشنز سوسائٹی ایکٹ کے تحت خود کو رجسٹرڈ کرانے کی پابند ہوں گی۔
آئین کے مطابق چئیرمین، چیف آپریٹنگ آفیسر، چیف ایگزیکٹو آفیسر، صوبائی ایسوسی ایشنز کے صدور، بلائنڈ کونسل کے چئیرمین، ڈیف اینڈ ڈم اور ویٹرنز کرکٹ کے صدور جنرل باڈی کا حصہ ہوں گے۔