حیدرآباد: متحدہ قومی موومنٹ(پاکستان) کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ متروکہ سندھ کی زمین ہماری ہے جس پر صوبہ بنانے کا حق رکھتے ہیں، ہماری نئی نسل یہ حق حاصل کرکے رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ صوبہ ہمارا حق ہے ہم اس سے دستبردار نہیں ہوں گے، ایم کیو ایم کا صوبے کا مطالبہ حب الوطنی کے عین مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے بنیں گے تو پورے پاکستان میں بنیں گے، آج لوگوں کو ہماری بات سننا پڑرہی ہے، حکومت میں جانے کے باوجود ایک بھی مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے۔
پیپلزپارٹی نے مہاجروں کے حقوق غصب کیے، خالد مقبول صدیقی
خالد مقبول کا کہنا تھا کہ کوٹہ سسٹم کے نام پر تعلیمی میدان کے دروازے ایک قوم پر بند ہیں، چیف جسٹس سے اپیل ہے ہمیں ہماراحق دلائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری اکثریت ہے حکومت کوئی اور بنارہا ہے، مالی اور انتظامی طور پر بلدیاتی نظام خود مختار ہونا چاہیے، سندھ کا معذور ٹوٹا پھوٹا بلدیاتی نظام آئین سے متصادم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں عمران خان کی گفتگو میں سچائی نظر آرہی ہے، امید ہے مطالبات پورے ہوں گے، 2013 میں ہمارے 24 اراکین اسمبلی تھے لیکن کسی کو ضرورت نہیں تھی، آج ہمارے 7 اراکین اسمبلی 24 سے بھاری ہیں۔