ریاض: دنیا بھر میں کوروناوائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے سعودی عرب نے مملکت آنے والے مسافروں کے لیے نئے قواعد وضوابط جاری کردیے ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے 17 ممالک کے لیے قوائد جاری کیے جس کا اطلاق بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے بعد سے ہوگیا ہے۔ وزارت صحت نے متنبہ کیا ہے کہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں کے لیے خصوصی ہدایات ہیں جن پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق برطانیہ اور جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں کو سعودی عرب داخل ہونے سے پہلے کسی اور ملک میں 14 دن گزارنے ہوں گے اور مملکت پہنچنے پر انہیں 14 دن قرنطینہ کرنا ہوگا۔
محکمہ صحت نے یہ بھی کہا ہے کہ مسافر سفر سے پہلے پی سی آر کے بھی پابند ہوں گے، سعودی عرب میں قرنطینہ سے پہلے اور قرنطینہ کی مدت ختم ہونے کے بعد دو مرتبہ اسے پی سی آر کرنا ہوگا۔
سعودی عرب میں سفری پابندی کے خاتمے کے بعد غیرملکیوں کی حکمت عملی
جبکہ آسٹریلیا، سنگاپور، ہالینڈ، کینیڈا، ڈنمارک، آئس لینڈ، جرمنی، ہانگ کانگ، اٹلی، فرانس، سپین، سویڈن، جاپان اور لبنان سے آنے والے غیر ملکی مسافر گھروں میں سات دن کے لیے قرنطینہ کریں گے۔
خیال رہے کہ ممالک سے آنے والے مسافر پی سی آر اپنے ساتھ لائیں گے جبکہ قرنطینہ کے چھٹے روز دوبارہ پی سی آر کرنا ہوگا، یہ تمام ضوابط تاحکم ثانی بحال رہیں گے۔ مذکورہ کیٹگری کے علاوہ دنیا کے باقی ممالک کے مسافروں کے لیے سات دن گھروں تک محدود رہنا ہوگا یا پھر تین دن گھر میں رہنے کے بعد پی سی آر کرنا ہوگا۔