منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

سانپوں‌ کی ایک نئی نسل کو ہالی ووڈ اداکار کا نام دے دیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

سائنس دانوں‌ نے حال ہی میں‌ دریافت ہونے والی سانپوں کی ایک نسل کو ہالی ووڈ کے مشہور اداکار ہیریسن فورڈ کا نام دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی، امریکا اور پیرو کے محققین نے سانپوں کی ایک نئی نسل دریافت کی ہے، جسے انھوں نے اداکار ہیریسن فورڈ کے نام سے منسوب کر دیا ہے۔

ہیریسن فورڈ نے مشہور ہالی ووڈ فلم انڈیانا جونز میں مرکزی کردار ادا کیا تھا اور اس فلم میں انھوں نے سانپوں سے مقابلہ کیا تھا۔

- Advertisement -

جرمن سوسائٹی فار ہیرپٹولوجی اینڈ ہرپٹو کلچر نے منگل کو ہالی ووڈ اداکار کی ماحولیاتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سانپوں کی نئی دریافت شدہ نسل کو Tachymenoides harrisonfordi کے نام دیے جانے کا اعلان کیا۔

جس سانپ کو ہیریسن فورڈ کا نام دیا گیا ہے اس کی لمبائی 16 انچ (40.6 سینٹی میٹر) ہے، اس کی پشت پر زرد بھورے رنگ کے نشانات ہیں، اس کا پیٹ سیاہ رنگ کا ہے جس پر ایک عمودی لکیر پڑی ہوئی ہے اور اس کی آنکھوں کا رنگ تانبے کے رنگ سے مشابہ ہے۔

اس سانپ کی دریافت امریکا، جرمنی او ر پیرو سے تعلق رکھنے والے محققین کی ایک ٹیم نے مئی 2022 میں کی تھی، اپنی نوع کا ابھی یہ ایک ہی سانپ دیکھا گیا ہے جو نر ہے، اور یہ پیرو کے اینڈیز میں سطح سمندر سے تقریباً 3248 میٹر کی بلندی پر واقع ایک دلدل میں دھوپ سینکتے ہوئے ملا تھا۔

ہالی ووڈ اداکار 81 سالہ ہیریسن فورڈ نے اس اعزاز کے لیے محققین کا شکریہ ادا کیا اور کہا یہ دریافت قابل قدر ہے، اور اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہمیں اپنے جنگلاتی دنیا کے بارے میں ابھی بہت کچھ سیکھنا باقی ہے۔

فورڈ نے مزید کہا ’’اس سیارے پر تمام جانداروں کی قسمتیں ایک دوسرے سے مربوط ہیں، اس وقت دس لاکھ جاندار ختم ہونے کی دہلیز پر ہیں، ہمیں فطرت کے ساتھ اپنے ٹوٹے ہوئے رشتے کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔‘‘

ہیریسن فورڈ نے مذاق کرتے ہوئے کہا ’’یہ سائنس داں ہمیشہ جانوروں کے نام میرے نام پر رکھ دیتے ہیں، اور یہ لوگ ہمیشہ بچوں کو خوف زدہ کرتے رہتے ہیں، میں تو میں اپنے تلسی کے پودوں کو لوری سناتا ہوں تاکہ وہ رات کو خوف زدہ نہ ہوں۔‘‘

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں