جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

کرونا کی خطرناک قسم کراچی میں تیزی سے پھیلنے لگی، شرح پچاس فیصد تک پہنچ گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں کرونا کی نئی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے، جس کی شرح اب پچاس فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کرونا کی بگڑتی صورت حال کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی درخواست کی۔

اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے بتایا کہ ’تحقیق سے اس بات کی تصدیق ہوئی کے کہ کراچی میں سامنے آنے والے کرونا کیسز میں سے پچاس فیصد برطانوی قسم کے ہیں‘۔

- Advertisement -

اُن کا کہنا تھا کہ ’کرونا کی تغیر شدہ (برطانوی) قسم بہت تیزی سے پھیلتی اور یہ زیادہ ہلاکت خیزی دکھاتی ہے، پنجاب اور خیبرپختون خوا میں یہ پہلے ہی پھیل چکی ہے جس کی وجہ سے وہاں کی صورت حال بہت خراب ہوئی ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’کرونا کی نئی قسم کی وجہ سے پنجاب اور خیبرپختون خوا میں بہت زیادہ اموات ہورہی ہیں اور یومیہ بنیادوں پر بہت سارے لوگ متاثر ہورہے ہیں، اب یہ قسم کراچی بھی پہنچ چکی ہے‘۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ ’ہماری تحقیق کے مطابق ٹیسٹ کے نمونوں میں 50 فیصد یوکے کا ویریئنٹ ملا ہے، اس لیے ہمیں بہت احتیاط کرنے کی ضرورت ہے، رمضان کے بعد عیدالفطر بھی آنے والی ہے، افطار اور سحر کے بعد بہت سے لوگ خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کریں گے، اگر احتیاط نہ کی تو صورت حال گھمبیر ہوجائے گی‘۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں، ہجوم سے دور رہیں، گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، سماجی فاصلے پر لازمی برقرار رکھیں اور ماسک پہنیں جبکہ ہاتھ اور منہ صابن اور پانی سے متواتر دھوتے رہیں‘۔

عذرا پیچوہو نے کہا کہ ’شہری احتیاط تدابیر پر عمل کر کے خود کو اور اپنے پیاروں کو کرونا کی نئی قسم سے محفوظ رکھ سکتے ہیں‘۔ اپنے ویڈیو پیغام کے آخر میں اُن کا کہنا تھا کہ ’ہمارے ویکسینیشن سینٹر افطار کے بعد بھی کھلے ہوئے ہیں، جہاں پچاس سال سے بڑی عمر کے لوگ کرونا ویکسین کروا کے خود کو وائرس سے محفوظ رکھ سکتے ہیں‘۔

سندھ میں کرونا کی صورت حال

قبل ازیں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کرونا کی صورت حال سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے، جس میں بتایا گیا کہ صوبے میں عالمی وبا سے اب تک 4 ہزار 562 افراد جاں بحق ہو ئے جب کہ مجموعی طور 2 لاکھ 75 ہزار 80 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے 388 کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 93 ہزار 8 تک پہنچ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کرونا کے 397 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 47 مریض وینٹی لیٹر ز پر ہیں۔

Comments

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں