کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سفری ہدایت نامے میں ایک بار پھر ردوبدل کی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو تین کے بجائے دو کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے، کیٹیگری اے میں شامل 30 ممالک کی تعداد کم کرکے 22 کردی گئی ہے۔
کیٹیگری اے میں سنگاپور، آسٹریلیا، چین، مالدیپ، نیوزی لینڈ، نائجیریا شامل ہیں، ساؤتھ کوریا، سعودی عرب، سنیگال، سری لنکا، ویتنام بھی اے کیٹیگری میں شامل ہیں۔
اے کیٹیگری والے ممالک سے آئے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ، پی سی آر سے استثنیٰ ہوگا، کیٹیگری بی میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کا کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سی اے اے کے مطابق کیٹیگری بی میں شامل ممالک کے مسافروں کو 96 گھنٹے پہلے کورونا ٹیسٹ کروانا لازم ہوگا جبکہ ڈنمارک سے آنے والے تمام مسافروں کے ٹیسٹ ملکی ایئرپورٹ پر دوبارہ ہوں گے۔
سی اے اے کی جانب سے تمام بین الاقوامی ایئرلائنز، چارٹر طیاروں اور دیگر فضائی کمپنیوں پر عملدرآمد لازم قرار دیا گیا ہے، بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کو ہیلتھ ڈکللیریشن فارم پُر کرنا لازمی ہوگا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نئی ایڈوائزری 31 دسمبر تک نافذ العمل رہے گی۔