کراچی: غیر ملکی ایئر لائن قطر ائیرویز نے پاکستان سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نئی ایڈوائزری میں قطر ایئر ویز سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے بھی کرونا ٹیسٹ کرانا لازم قرار دے دیا گیا، پرواز سے قبل مسافروں کو 72 گھنٹے کے اندر اپنا ٹیسٹ کروانا پڑے گا۔
ایئر لائن کے مطابق یہ ایڈوائزری 13 جولائی سے نافذ العمل ہوگی، ایڈوائزری کے مطابق ملک کی مخصوص 4 لیبارٹریز سے کروایا گیا ٹیسٹ ہی قابل قبول ہوگا۔
12 سال سے کم عمر بچے کرونا ٹیسٹ سے مستثنیٰ ہوں گے، لیکن اکیلے فیملی کے بغیر سفر کر نے پر ٹیسٹ لازمی کرانا ہوگا، لیبارٹریز مسافروں کے ٹیسٹ کی رپورٹس براہ راست قطر ایئر ویز کو فراہم کریں گی۔
کورونا لاک ڈاؤن؛ قطر کا اہم اعلان
یاد رہے کہ یکم جولائی کو قطر نے کرونا وبا میں کمی کے بعد لاک ڈاؤن کے تحت پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان کر دیا ہے، سپریم کمیٹی فار کرائسز اینڈ منیجمنٹ نے مساجد، ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات اور پارکس کے لیے پابندیاں نرم کرتے ہوئے انھیں جزوی طور پر کھولنے کی اجازت دی۔
میوزیم کے ساتھ ساتھ عوامی لائبریریوں کو بھی محدود تعداد اور کم وقت کے لیے کھولنے کے اجازت دی گئی ہے، ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ کرونا لاک ڈاؤن میں نرمی کا دوسرا مرحلہ مہلک وبا کے عروج کا وقت گزرنے اور اس میں بتدریج کمی آنے کے بعد شروع کیا گیا ہے۔