تازہ ترین

کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرنیوالے 3 پولیس افسران سمیت 7 گرفتار

کراچی : پولیس موبائل میں جدید اسلحہ سندھ اسمگل...

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کی توقع

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ...

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

دنیا بھر میں‌ نئے سال سے جُڑی دل چسپ اور عجیب و غریب روایات

نئے سال کا استقبال کرنے کے لیے جہاں دنیا بھر میں رنگا رنگ تقاریب منعقد کی جاتی ہیں، وہیں اس روز کچھ عجیب و غریب رسومات اور روایات پر بھی عمل کیا جاتا ہے۔

دنیا کی بعض اقوام میں اس دن سے متعلق توہم پرستی بھی پائی جاتی ہے۔ کسی کے نزدیک گزرتے ہوئے سال کے کچھ خاص لمحے نحوست اور بدشگونی کی علامت ہوتے ہیں تو کوئی اسے خوش قسمتی سمیٹنے کا نادر موقع سمجھتا ہے۔ ایسے لوگ اس روز کچھ خاص اعمال انجام دینا ضروری سمجھتے ہیں جب کہ مخصوص عبادات کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔ سالِ نو سے متعلق چند عجیب و غریب تصورات اور روایات یہ ہیں۔

رشتے داروں کے دروازے پر شیشے کے برتن توڑنا
اس عجیب و غریب روایت پر برسوں سے ڈنمارک کے باسی عمل کرتے آرہے ہیں۔ وہاں شیشے کے پرانے برتنوں کو اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے گھروں کے صدر دروازے پر مار کر چکنا چور کر دیا جاتا ہے۔ اس روایت پر اکتیس دسمبر کی شام گہری ہوجانے پر عمل کیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد دوستوں اور عزیزوں کو خوش بختی کا پیغام دینا ہوتا ہے۔

دروازے، کھڑکیاں اور تمام لائٹس کھول دینا
سال کی آخری شب فلپائن میں لوگ گھر کو برقی قمقموں سے روشن کر کے تمام دروازے اور کھڑکیاں بھی کھول دیتے ہیں اور رات کے بارہ بجتے ہی پُھرتی کے ساتھ انھیں بند کر دیا جاتا ہے۔ اکتیس دسمبر کو فلپائن میں لوگ گول اشکال والی اشیا کا استعمال بڑھا دیتے ہیں جن میں پھل اور سبزیاں وغیرہ شامل ہیں۔ اس روایت کے پیچھے تصور یہ ہے کہ اس طرح خوش حالی آئے گی اور نیا سال منافع بخش ثابت ہو گا۔

بدقسمتی کو گھر سے باہر نکالنے کے لیے جھاڑو دینا
نئے سال کی آخری شب چلی کے لوگ قبرستان کا رخ کرتے ہیں۔ وہ یہ لمحات اپنے ان پیاروں کے ساتھ گزارتے ہیں جو ہمیشہ کے لیے ان سے دور جا چکے ہوں۔ اسی طرح اکتیس دسمبر کی رات منہ بھر کر دال کھانا بھی چلی میں خوش قسمتی سمیٹنے کا ذریعہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ سال کی آخری رات گھر میں جھاڑو دی جاتی ہے جس کا مطلب یہ لیا جاتا ہے کہ خاندان نے بدقسمتی کو گھر سے باہر نکال دیا ہے۔

بارہ انگوروں سے جڑی خوش نصیبی
اسپین میں نئے سال کی آمد کا جشن مناتے ہوئے رات بارہ بجے سے پہلے اگر کوئی شخص بارہ انگور منہ میں رکھ کر ایک ساتھ کھا لے تو اسے خوش قسمت تصور کیا جاتا ہے۔

کھڑکی سے باہر پانی پھینکنے کی روایت
پورٹو ریکو میں روایت ہے کہ گزرتے ہوئے سال کی آخری شام بالٹی یا گلاس میں پانی بھر کے گھر کی کھڑکی سے باہر پھینکا جائے۔ لوگوں کا ماننا ہے کہ وہ اس عمل سے بُری قوتوں کو گھر سے باہر نکال دیتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -