کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ نیا سال ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کا سال ہے، یہ سال تعلیم کے شعبے میں مزید بہتری لانے کا سال ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ آج یہ نئے سال کا پہلا کابینہ اجلاس ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیا سال نئے جذبے، نئی لگن سے عوام کی خدمت کا سال ہے، غربت کا خاتمہ، ٹڈی دل کا خاتمہ، ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کا سال ہے۔
انہوں نے تمام محکموں کو خالی اسامیاں 15 جنوری تک جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسامیوں کی پوزیشن بتائیں تاکہ بھرتی کے لیے اشتہار دے سکیں۔
اجلاس میں سندھ کابینہ نے پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین کی تقرری کی توسیع کردی، سندھ حکومت نے پروفیسر مجیب الدین میمن کو وائس چانسلر ٹنڈو جام یونیورسٹی مقرر کیا تھا۔ عدالت نے یہ فیصلہ غیرقانونی قرار دیا تھا کیونکہ کابینہ نے اس کی توسیع نہیں کی تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ کابینہ نے سندھ آکیوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ رولز کی منظوری دے دی۔