کراچی: نئے سال کی آمد پر نیو ایئر نائٹ منانے والوں کے لیے پولیس نے سخت تنبیہہ جاری کر دی ہے، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ پر سخت کارروائی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ نیو ایئر نائٹ پر اسلحہ لے کر چلنے والوں اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
[bs-quote quote=”نیو ایئر نائٹ پر جو بھی نشے کی حالت میں پایا جائے اسے بھی گرفتار کیا جائے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وزیرِ اعلیٰ سندھ”][/bs-quote]
ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ نے بتایا کہ ساؤتھ زون میں ساحلی مقامات پر 3200 سے زائد اہل کار تعینات ہوں گے۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ سمندر میں نہانے پر بھی پابندی ہوگی، ون ویلنگ اور بغیر سائلنسر موٹر سائیکل پر بھی کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثنا وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت امن و امان پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری داخلہ، پرنسپل سیکریٹری، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی و دیگر شریک ہوئے۔ وزیرِ اعلیٰ کو نیو ایئر نائٹ پر بریفنگ دی گئی کہ 4 ہزار اہل کار ضلع جنوبی میں فرائض انجام دیں گے، ضلع غربی اور دیگر اضلاع میں بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ نے کمشنر کراچی کو ضلع جنوبی میں اسٹریٹ لائٹس اور خراب سی سی ٹی وی کیمرے ٹھیک کرنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان وَن ویلنگ اور بغیر سائلنسر بائیک چلانے سے پرہیز کریں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی 2018: دہشت گردی کا ایک بھی کیس حل نہ ہو سکا
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ نیو ایئر نائٹ پر اسلحہ ساتھ لے کر چلنے والے کو گرفتار کیا جائے، نیو ایئر نائٹ پر جو بھی نشے کی حالت میں پایا جائے اسے بھی گرفتار کیا جائے۔
خیال رہے کہ نئے سال کی آمد پر نوجوان تمام حدود و قیود کی پابندی توڑتے ہوئے سڑکوں پر بے پناہ طوفانِ بد تمیزی برپا کر کے قوانین کو توڑنا اپنا حق سمجھ لیتے ہیں جس کے باعث ہر سال جان لیوا حادثات رونما ہو جاتے ہیں اور متعدد گھرانوں کے لیے نئے سال کا آغاز ہی افسوس ناک ثابت ہو جاتا ہے۔