نیویارک: نیویارک میں ٹریفک اور آلودگی کم کرنے کے لیے گاڑیوں پر ’رش فیس‘ لگانے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیویارک کے علاقے مین ہیٹن کو آلودگی اور ٹریفک جام سے بچانے کے لیے نئے ضابطے بنائے جا رہے ہیں، ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے لیے آج پیر سے اضافی چارجز لگانے کا عمل شروع ہو گیا۔
رش آورز کے دوران ڈرائیوروں کو نیویارک کے مرکزی علاقے سینٹرل پارک کے جنوب میں گاڑی لے جانے کے لیے 9 سے 23 ڈالر ادا کرنے پڑیں گے۔
ایم ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ انھیں توقع ہے کہ ٹول کی وجہ سے مین ہیٹن میں 60 ویں اسٹریٹ کے نیچے ’بھیڑ ریلیف زون‘ میں روزانہ 80,000 کم گاڑیاں داخل ہوں گی۔
منصوبے کے تحت ڈرائیوروں سے کام کے دنوں میں صبح 5 بجے سے رات 9 بجے کے درمیان مصروف ترین گھنٹوں میں روزانہ ایک بار 9 ڈالر کا ٹول وصول کیا جائے گا، جب کہ ویک اینڈز پر صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک مصروف اوقات میں ٹول لیا جائے گا۔ تاہم رات کے اوقات میں ٹول 2.25 ڈالر تک گر جائے گا۔
ہالینڈ یا لنکن ٹنل لینے والے ڈرائیوروں کو مصروف ترین اوقات میں 3 ڈالر کی چھوٹ ملے گی، جب کہ ٹرکس سب سے زیادہ ادائیگی کریں گے، اور ان سے 21.60 ڈالر ٹول وصول کیا جائے گا۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ جن ڈرائیوروں کا E-ZPass اکاؤنٹ ان کی لائسنس پلیٹ سے منسلک نہیں ہوگا، ان سے ٹول 13.50 ڈالر وصول کیا جائے گا۔