واشنگٹن: نیویارک اسٹاک ایکسچینج کی 226 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون کو صدر منتخب کرلیا گیا۔ اسٹیسی کوننگھم کل سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
اسٹیسی انجینیئرنگ کی طالبہ رہی ہیں تاہم زمانہ طالب علمی میں ایک انٹرن شپ کے لیے انہوں نے نیویارک اسٹاک ایکسچینج میں کام کیا اور یہیں سے اس شعبے میں ان کی دلچسپی کا آغاز ہوا۔
وہ ادارے میں چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے کام کر رہی تھیں تاہم اب انہیں ادارے کے سڑسٹھویں صدر کے عہدے کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے۔
اسٹیسی کے صدر منتخب ہونے کے بعد امریکا کی 2 بڑی اسٹاک ایکسچینجز کی سربراہی اب خواتین کے ہاتھ میں ہے۔ نیویارک اسٹاک ایکسچینج کے بعد امریکا کی دوسری بڑی مالیاتی کمپنی نسدق کی سربراہی بھی ایک خاتون کر رہی ہیں۔
ایڈینا فریڈ مین کو گزشتہ برس جولائی میں نسدق کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔