نیویارک ٹریول اینڈ ایڈونچر 2025 میں پاکستان کا اسٹال ایک بار پھر بہترین اسٹال کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیویارک ٹریول اینڈ ایڈونچر شو 2025 میں پاکستان کا اسٹال ایک بار پھر بہترین اسٹال کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہا۔ یہ اسٹال گلگت بلتستان کے قیمتی پتھروں کے باعث شرکا کی توجہ اور دلچسپ کا مرکز بنا رہا۔
اس نمائش میں پاکستان کے اسٹال کا افتتاح وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کیا۔ اس موقع پر امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید اور نیویارک میں پاکستانی ہائی کمشنرعامر احمد بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کا دنیا کے 25 بہترین سیاحتی مقامات میں شامل ہونا فخر کی بات ہے۔ اسکردو بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تکمیل اور سڑکوں کے نیٹ ورک سے سیاحت کے مواقع میئسر ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیویارک ٹریول اینڈ ایڈونچر شو 2025 میں پاکستان اور گلگت بلتستان کی کامیاب نمائندگی یقیناً خطے کی عالمی سیاحتی نقشے پر شناخت کو مزید اجاگر کرے گی اور اسے ایک عالمی معیار کے سیاحتی مقام کے طور پر مضبوط کرے گی۔
واضح رہے کہ پہلی بار، اس ایونٹ میں گلگت بلتستان کے قیمتی پتھروں کے خصوصی اسٹالز شامل کیے گئے، جبکہ گلگت بلتستان کے 8 معروف ٹور آپریٹرز نے بھی اپنی خدمات پیش کیں۔