ڈونیڈن: نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کی تباہ کن بولنگ کی بدولت بنگال ٹائیگرز کو آٹھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے دورے پر آئی بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ڈونیڈن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹینٹ بولٹ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں پر قہر بن کر ٹوٹے، بولٹ نے 8.5 اوورز کراتے ہوئے 27 رنز کے عوض بنگلہ دیش کے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کوئی بھی بلے باز کیوی بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا، ٹرینٹ بولٹ کے ساتھ ساتھ جیمز نیشم اور مچل سیٹنر نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 41 اوورز میں 131 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں نیوزی لینڈ نے 131 رنز کے ہدف کا تعاقب جارحانہ انداز میں کیا، اور محض 19 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا، اسی فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے، سیریز کا دوسرا میچ 23 مارچ کو کھیلا جائے گا ۔