نیوزی لینڈ کا ویزا حاصل کرنے کےلیے طلبا کو ویزا کی درخواست دیتے ہوئے درکار مختلف دستاویزات کے ساتھ مناسب فنڈز کے ثبوت بھی جمع کرانا ہونگے۔
اسٹوڈنٹ ویزا حاصل کرنے کے بعد نیوزی لینڈ میں تعلیم کی غرض سے رہائش پذیر طلبا کو وہاں ہفتے میں 20 گھنٹے پارٹ ٹائم کام کرنے کی اجازت بھی ہوگی، اس کے علاوہ وہ چھٹیوں میں فل ٹائم کام بھی کرنے کے اہل ہونگے، تاہم یہ طلبا کے ویزا کی شرائط پر منحصر ہے۔
عام طور پر اسٹوڈنٹ ویزا اتنی ہی مدت کے لیے دیا جاتا ہے جتنی مدت کےلیے درخواست دہندہ نے ادائیگی کی ہوتی ہے۔
اگر کسی طالبعلم کی پاسپورٹ کی میعاد پڑھائی کی آخری تاریخ سے پہلے ختم ہو جاتی ہے تو نیوزی لینڈ کے حکام کی جانب سے اسٹوڈنٹ ویزا مختصر وقت کے لیے بھی جاری کیا جا سکتا ہے۔
طلبا کو مناسب فنڈز کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا، درخواست دہندہ کے پاس فی سال کے حساب سے 20,000 نیوزی لینڈ ڈالرز ہونے چاہئیں یا 1,667 نیوزی لینڈ ڈالرز فی ماہ کے حساب سے رقم ہونی چاہیے، درخواست دہندہ کو انگریزی زبان آنی چاہیے۔
اگر درخواست دہندہ کمپلسری ایجوکیشن میں تعلیم حاصل کررہا ہے تو نیوزی لینڈ کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق صارف کے پاس سالانہ 17,000 یا ماہانہ 1,417 نیوزی لینڈ ڈالرز ہونے چاہئیں۔
پاکستان میں نیوزی لینڈ کی اسٹوڈنٹ ویزا فیس 145,800 روپے ہے، امیگریشن نیوزی لینڈ آپ کی درخواست پر جو کارروائی کریگی یہ اس کے چارجز ہیں۔
اگر آپ کی درخواست مسترد ہو جاتی ہے تو درخواست کے اخراجات واپس نہیں کیے جائیں گے، مزید یہ کہ ویزا ایپلیکیشن سینٹر کی فیس 6,700 روپے ہے۔