نیوزی لینڈ میں حکومتی کمیٹی نے گزشتہ سال پارلیمنٹ میں روایتی رقص کے ذریعے احتجاج ریکارڈ کروانے والے قبائلی ارکان کی رکنیت معطل کرنے کی سفارش کر دی۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق استحقاق کمیٹی نے سفارش کی کہ ماوری پارٹی کے شریک رہنماؤں ڈیبی نگاریوا پیکر اور راویری ویٹیٹی کو 21 دنوں جبکہ 22 سالہ قانون ساز ہانا راوہیتی میپی کلارک کی رکنیت 7 دونوں کیلیے معلط کی جائے۔
کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق ہانا راوہیتی میپی کلارک کو ایک مختصر سزا دی گئی تھی کیونکہ انہوں نے پارلیمنٹ کو ندامت کا خط لکھا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اگرچہ ہاکا اور ماوری روایتی رقص اور گانا دونوں پارلیمنٹ میں کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے لیکن اراکین کو اس بات کا علم تھا کہ اسپیکر سے پہلے سے اجازت درکار تھی۔
نومبر میں ہانا راوہیتی میپی کلارک نے پارلیمنٹ میں ہاکا رقص کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا اور ایک متنازع بل کی کاپی پھاڑ دی تھی، اس دوران ویٹیٹی اور نگریوا پیکر بھی ان کے ساتھ شامل تھے۔
ماوری پارٹی بل کے خلاف احتجاج کر رہی تھی جس میں نیوزی لینڈ کی بانی دستاویز، برطانوی ولی عہد اور مقامی ماوری رہنماؤں کے درمیان 1840 کے معاہدے کی نئی وضاحت کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس پر نیوزی لینڈ کی نوآبادیات کے دوران دستخط کیے گئے تھے۔