کراچی: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے نو منتخب رکن معظم علی عباسی نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھا لیا، اسپیکر آغا سراج درانی نے ان سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق معظم علی خان عباسی نے سندھی میں اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا، اپوزیشن کے اراکین نے معظم عباسی کے حق میں ایوان میں نعرے لگائے، معظم عباسی نے نشست سے اٹھ کر اسپیکر آغا سراج درانی سے مصافحہ کیا۔
اپوزیشن اراکین نے معظم عباسی کو لاڑکانہ کا غازی قرار دیا، حلف برداری کے دوران پیپلز پارٹی کے ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔
واضح رہے کہ چند دن قبل لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کو شکست دے کر ایم پی اے منتخب ہونے والے معظم عباسی جب پہلی مرتبہ ایوان میں داخل ہوئے تھے تو تحریک انصاف نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: لاڑکانہ ضمنی انتخابات، پی پی کو ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا
سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات میں پی پی کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار نے ساڑھے پانچ ہزار ووٹوں سے میدان مارا تھا۔
جی ڈی اے کے معظم علی 31 ہزار 557 ووٹ لے کر کام یاب قرار پائے تھے، جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو 26 ہزار 21 ووٹ ہی حاصل کر سکے تھے۔