انقرہ: ترکی میں ہونے والے فٹبال میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور تماشائیوں نے سانحہ نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اللہ اکبر کا ورد کیا۔
ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مقامی ٹیموں کے درمیان فٹ بال میچ کا انعقاد دارالحکومت انقرہ میں کیا گیا، جس کے آغاز پر کھلاڑیوں اور شائقین نے سانحہ نیوزی لینڈ کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
فٹبال میچ شروع ہونے سے قبل ترکی کا قومی ترانہ بجنا تھا البتہ انتظامیہ نے سانحہ نیوزی لینڈ کے باعث تقریب کو تبدیل کیا اور میچ شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑی میدان میں اترے تو انہوں نے سانحہ نیوزی لینڈ کے شہداء کے غم میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور پھر اللہ اکبر کے نعرے لگا کر مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
ترکی میں ایک فٹ بال میچ کے دوران تمام تماشائی نیوزی لینڈ کے سانحے میں شہید ہونے والے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اللہ اکبر کا ورد کر رہے ہیں- pic.twitter.com/DBQToBuPPZ
— RTEUrdu (@RTEUrdu) March 17, 2019
خیال رہے کہ دو روز قبل نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں آسٹریلوی شہری نے دو مساجد میں اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 50 نمازی شہید ہوگئے تھے جن میں 9 پاکستانی بھی شامل ہیں۔
ویڈیو دیکھیں: سانحہ نیوزی لینڈ: آسٹریلوی شہری کا مسلمانوں سے منفرد انداز میں اظہار یکجہتی، ویڈیو وائرل
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا اور وہ سیاہ لباس زیب تن کر کے سر پر دوپٹہ لیے متاثرہ خاندانوں کے پاس تعزیت کے لیے پہنچی تھیں، انہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ حکومت کی نظر میں سب برابر کے شہری ہیں ساتھ ہی وزیراعظم نے رقم دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔
نیوزی لینڈ کی پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کو حراست میں لے کر گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا تھا جس کے بعد جج نے اُسے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔