کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے بلوچستان کی سیاست اور عوام کو نقصان پہنچایا، آئندہ عام انتخابات کے بعد بلوچستان کا وزیراعلیٰ جیالا ہوگا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مستعفیٰ ہونے کی صورتحال کے بعد کراچی میں بلاول بھٹو کی زیر صدارت بلوچستان کے سیاسی بحران سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پی پی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور سینیٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ ن کے خلاف عوام کے عدم اعتماد کی شروعات ہوچکی ہے، اب بھی وقت ہے تختِ رائے ونڈ کے بجائے عوام سے وفادار حکومت بنائی جائے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے استعفیٰ دے دیا
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ ن نے بلوچستان کی سیاست اور عوام کو نقصان پہنچایا۔ بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد بلوچستان کا وزیراعلیٰ جیالا ہوگا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جانی تھی تاہم ثنا اللہ زہری نے اُس سے قبل ہی اسپیکر اسمبلی کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا جسے گورنر بلوچستان نے منظور کرلیا۔