جمعرات, مارچ 27, 2025
اشتہار

این آئی سی ایل کرپشن کیس : مرکزی ملزم کو 2 ہفتےمیں گرفتار کرنے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سپریم کورٹ نےاین آئی سی ایل کرپشن کیس کےمرکزی ملزم محسن حبیب کو دو ہفتے میں گرفتار کرنے کاحکم دے دیا، جسٹس گلزار نے نیب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا محسن نیب میں پیش ہوا، نیب نے ملزم کو چائے پلائی بسکٹ کھلائے اور بھیج دیا، حالانکہ گرفتاری کا حکم تھا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے این آئی سی ایل کرپشن کیس کی سماعت کی، مرکزی ملزم محسن حبیب طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوا۔

جسٹس گلزار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا محسن حبیب نیب میں پیش بھی ہوا، نیب نے ملزم کو چائے پلائی بسکٹ کھلائے اور بھیج دیا، محسن حبیب ای سی ایل میں نام کےباوجودبھاگ گیاتھا۔ اب کیاگارنٹی ہےکہ وہ نہیں بھاگےگا؟

پراسیکیوٹرجنرل نیب نےکہا متعلقہ حکام سے محسن حبیب کی روانگی کاریکارڈلیں گے، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے جواب دیا لانچ میں فرار ہونے کا کوئی ریکارڈ نہیں ہوتا۔

پراسیکیوٹرجنرل نیب نے بتایا محسن حبیب نے ملی بھگت سےمہنگی زمین فروخت کی، دوسرے مرکزی ملزم ایاز نیازی کو سزا ہوچکی ہے، ایاز نیازی سے چار اعشاریہ چالیس ملین کی ریکوری ہونا باقی ہے۔

مزید پڑھیں : نیب سے اللہ ہی پوچھے گا، کوئی ادارہ نہیں جو نیب کا آڈٹ کرے؟جسٹس گلزار احمد

سپریم کورٹ نے این آئی سی ایل کرپشن کیس کے مرکزی ملزم محسن حبیب کودوہفتےمیں گرفتارکرنے کاحکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 2ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔

گذشتہ سماعت میں جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کرپٹ لوگ ملک لوٹ کرکھا گئے کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا، نیب سے اللہ ہی پوچھے گا، کوئی ادارہ نہیں جو نیب کا آڈٹ کرے؟

خیال رہے این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی سمیت دیگر ملزمان پرزمینوں کی خرید وفروخت میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

واضح رہے نیب نے این آئی سی ایل اور جے ایس انویسٹمنٹ کیس کی تحقیقات کے لئے عدالت سے اجازت مانگ لی ، رپورٹ کے مطابق دونوں اداروں نے دو ارب روپے کی سرمایہ کاری کرکے قومی خزانے کو پچیس کروڑ باون لاکھ کا نقصان پہنچایا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں