پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

این آئی سی وی ڈی میں فائرنگ : سی ٹی ڈی اہلکار کیخلاف مقدمہ درج

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : قومی ادارہ برائے امراض قلب میں سی ٹی ڈی اہلکار کی فائرنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم کامران کیخلاف مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض قلب میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں ڈاکٹر کے زخمی ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

صدر تھانہ پولیس نے سی ٹی ڈی اہلکار کامران کیخلاف فائرنگ کا مقدمہ درج کیا ہے جس میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ڈاکٹر فہد کو سی ٹی ڈی اہلکار کامران نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، پولیس نے گرفتار سی ٹی ڈی اہلکار کامران سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) میں گزشتہ روز ہونے والی فائرنگ سے ڈیوٹی ڈاکٹر زخمی ہوگیا تھا جب کہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا لیکن سی ٹی ڈی افسران نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔ اسپتال میں فائرنگ کرنے والا ملزم سی ٹی ڈی کا اہلکار کانسٹیبل کامران ہے۔

اس حوالے سے سی ٹی ڈی کے انچارج راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والا سی ٹی ڈی سول لائنز میں تعینات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے اہلکار کی طبیعت گزشتہ کئی دنوں سے خراب تھی۔

راجہ عمر خطاب کے مطابق ملزم ایک دن قبل بھی این آئی سی وی ڈی گیا تھا جہاں ماسک نہ پہننے پر گارڈ سے اس کی تلخ کلامی ہوئی تھی۔

دوسری جانب اسپتال کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا ملزم گزشتہ روز مریض بن کر آیا تھا اور نیند کی گولیاں مانگ رہا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں