قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) جو 10ہسپتالوں اور 22چیسٹ پین یونٹس پر مشتمل دنیا کا بڑا ہیلتھ کیئر نیٹ ور ک بن چکا ہے وہ مریضوں کو امراضِ قلب کا جدید و مہنگا علاج بالکل مفت فراہم کرنے میں دن رات مصروفِ عمل ہے۔ 2021ء میں این آئی سی وی ڈی سسٹم میں تقریباََ 1.9ملین مریضوں کو بالکل مفت علاج فراہم کیا گیا، جس میں 3,227مریضوں کی کارڈیک سرجریز اور 17,000پرائمری پی سی آئی سرانجام دی گئیں۔
این آئی سی وی ڈی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ کارڈیک سرجریز اور پروسیجرز این آئی سی وی ڈی کے کارڈیک سرجنز اور انٹروینشنلسٹس نے این آئی سی وی ڈی کراچی اور صوبہ کے دیگر شہروں میں قائم سیٹ لائٹ سینٹر ز میں 2021ء کے دوران سرانجام دیے۔
انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی ملک کا واحد کارڈیک ادارہ ہے جس کے مرکزی سینٹر کراچی اور دیگر شہروں میں قائم سیٹ لائٹ سینٹرز میں صرف 2021ء میں 3,227کارڈیک سرجریز اور 66,518سے زائد جدید پروسیجرز بالکل مفت سرانجام دیے گئے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی کراچی دنیا میں دل کے دورے کے دوران انجیوپلاسٹی (پرائمری پی سی آئی) سب سے زیادہ سرانجام دینے والا ادارہ بن چکا ہے۔2021میں این آئی سی وی ڈی کراچی میں 8,110پرائمری پی سی آئی سرانجام دی گئی۔
این آئی سی وی ڈی کراچی میں 2021ء کے دوران مریضوں کے اعداد و شمار کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ این آئی سی وی ڈی کراچی میں گذشتہ سال کے دوران تقریباََ 10لاکھ مریض علاج کی بالکل مفت سہولیات سے مستفید ہوئے، جن میں سے 2,692مریضوں کی کارڈیک سرجریز سرانجام دی گئیں۔3,465 الیکٹوِ انجیوپلاسٹیز، 16,186 انجیوگرافیز، 4ٹاوی پروسیجرز، 748پرمننٹ پیس میکرز، 2,962تھیلیم اسکین، 56,425ایکوکارڈیوگرامز، 135آئی سی ڈی اور سی آرٹی پروسیجرزسمیت دیگر جدید علاج کی سہولیات بالکل مفت فراہم کی گئی۔
انہوں نے بتایاکہ 2021ء کے دوران این آئی سی وی ڈی کراچی میں 187,653مریض اوپی ڈی، جبکہ 257,935مریض ایمرجنسی کی سہولیات سے بالکل مفت مستفید ہوئے اور 41,000سے زائد مریض داخل ہوئے اور 20مریضوں کا سینہ چکاکیے بغیر جدید طریقہ کار سے Minimally Cardiac Surgeryسرجری سرانجام دی گئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ این آئی سی وی ڈی سسٹم میں سال 2021کے دوران دیگرصوبوں سے 191,638مریض آئے جن کو بالکل مفت علاج فراہم کیا گیا،صوبہ پنجاب سے 51,178مریض، بلوچستان سے 125,117، خیبر پختونخواہ سے 8,338، آزاد کشمیر سے 5,369 اور گلگت بلستان سے 2,716مریض این آئی سی وی ڈی کے جدید و مہنگے علاج سے بالکل مفت مستفید ہوئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہا کہ این آئی سی وی ڈی کراچی کے علاوہ جہاں اہم سہولیات موجود ہیں یہ ادارہ صوبہ کے دیگر شہروں لاڑکانہ، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، سیہون، سکھر، نواب شاہ، مٹھی، خیرپور اور لیاری میں بھی امراضِ قلب کا جدید و مہنگا علاج بالکل مفت فراہم کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔تمام سیٹ لائٹ سینٹرز پر علاج، تشخیصی سہولیات، جدید پروسیجرز کی سہولیات میسر ہیں، جبکہ سکھر، ٹنڈو محمد خان اور لاڑکانہ میں دل کے بائی پاس سرجریز بشمول بچوں کی سرجریز کی سہولیات بھی میسر ہیں۔این آئی سی وی ڈی سکھر میں اب تک 1,170کارڈیک سرجریز، ٹنڈو محمد خان میں 400سے زائد سرجریز اور 12کارڈیک سرجریز این آئی سی وی ڈی لاڑکانہ میں سرانجام دی گئی ہیں۔جس میں بچوں کی سرجزیز بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سال 2021ء کے دوران این آئی سی وی ڈی سکھر میں 197,048مریض، ٹنڈومحمد خان میں 153,476، لاڑکانہ میں 106,529،حیدرآباد میں 90,316، نواب شاہ میں 22,687، خیرپور میں 39,800، مٹھی میں 27,772اور لیاری میں 48,082مریض امراضِ قلب کی جدید سہولیات سے بالکل مفت مستفید ہوئے۔
این آئی سی وی ڈی کے ترجمان نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ بھر میں این آئی سی وی ڈی سیٹ لائٹ سینٹرز کے علاوہ سینے کے درد کے فوری و مفت علاج کے لئے چیسٹ پین یونٹس بھی قائم کئے گئے ہیں، 17چیسٹ پین یونٹس کراچی کے مختلف مقامات اور ایک گھوٹکی، ایک ٹنڈوباگو، ایک جیکب آباد، ایک عمرکوٹ اور ایک ٹنڈوالہیار میں قائم کئے گئے ہیں۔ اس طرح صوبہ بھر میں 22چیسٹ پین یونٹس مریضوں کو دن رات علاج کی فوری خدمات فراہم کرنے میں مصروف ِ عمل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان چیسٹ پین یونٹس میں سال 2021ء کے دوران 211,917مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا گیا جبکہ 4,058مریض دل کے دورے کے ساتھ ان چیسٹ پین یونٹس پر آئے تھے جن کو فوری طبیّ امداد کے بعد انجیوپلاسٹی کے لئے مرکزی سینٹر منتقل کر کے ان کی انجیوپلاسٹی سرانجام دے کر ان کی زندگیاں بچائی گئی۔کراچی اور دیگر شہروں میں مزید 10چیسٹ پین یونٹس قائم کئے جائیں گے۔
این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ ہمار ا مقصد صوبہ بھر کے مریضوں کو انہی کے گھروں کے قریب امراضِ قلب کا مہنگا و جدید علاج بالکل مفت فراہم کرنا ہے۔