ہفتہ, نومبر 16, 2024
اشتہار

ادارۂ امراض قلب: مذاکرات کی کامیابی کے بعد سندھ حکومت کا اہم اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، ملازمین نے احتجاج ختم کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملازمین اور ادارۂ امراض قلب کی انتظامیہ میں مذاکرات ہو گئے، این آئی سی وی ڈی ملازمین نے احتجاج ختم کر دیا، مذاکرات کی کامیابی کے بعد سندھ حکومت نے بھی ہیلتھ الاؤنس کا اعلان کر دیا۔

انتظامیہ اور ملازمین میں مذاکرات کی کامیابی کے بعد قومی ادارہ امراض قلب میں تمام امور بحال ہو گئے، کل سے او پی ڈی سروس بھی بحال ہو جائے گی۔

- Advertisement -

مذاکرات میں ملازمین کو ہیلتھ رسک الاؤنس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گریڈ 1 سے 7 تک کے ملازمین کو ہیلتھ الاؤنس ادا کیا جائے گا۔

سندھ حکومت کی جانب سے 24 جنوری کو گرانٹ موصول ہوگی، سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق 2 ماہ کے بقایا جات ادا کیے جائیں گے۔

تمام عارضی ملازمین کو بھی گورننگ باڈی کی منظوری کے بعد مستقل کر دیا جائے گا، جب کہ گورننگ باڈی کا اجلاس 22 مارچ 2022 کو منعقد ہوگا۔

واضح رہے کہ اسپتال کا جونیئر عملہ ہیلتھ الاوئنس، کرونا الاؤنس اور مستقل نہ کیے جانے کے خلاف کئی دنوں سے احتجاج کر رہا تھا، او پی ڈی میں کام بند کر دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے اسپتال آنے والے مریض داد رسی سے محروم رہے۔

پیر کو ترجمان این آئی سی وی ڈی نے کہا تھا کہ ملازمین نے کووِڈ الاؤنس کے لیے او پی ڈی کا بائیکاٹ کیا ہے،ان کو گزشتہ مہینے الاؤنس دیا گیا تھا مگر اس مہینے گرانٹ نہ آنے کے باعث الاؤنس جاری نہیں کیا جا سکا، جیسے ہی حکومتِ سندھ سے گرانٹ آئے گی ان کو تمام مہینوں کا الاؤنس جاری کر دیا جائے گا۔

ترجمان این آئی سی وی ڈی کا کہنا تھا کہ ادارے میں کووِڈ 19 وبا کے باوجود روزانہ 700 سے 800 تک او پی ڈی مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور 700 سے زائد مریض ایمرجنسی کی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں