لاہور: پنجاب میں اگلے سال سے نگہبان رمضان پیکج کا اے ٹی ایم کارڈ متعارف کرایا جائےگا، 30 لاکھ کے قریب لوگ اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت کابینہ کا 23واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں 90 نکات پرغور کیا گیا اور اہم فیصلے ہوئے، پنجاب میں عوام کے لیے اگلے سال سے نگہبان رمضان پیکج لایا جائے گا، نگہبان رمضان پیکج کیلئے 30 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
نگہبان رمضان پیکج سے 30 ملین افراد مستفید ہوں گے، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ عوام کو گھر بیٹھے 10 ہزار روپے ملیں گے۔
اس کے علاوہ طلبہ کیلئے خصوصی اسٹوڈنٹ ٹریول کارڈ متعارف کرانے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹرام سروس شروع کرنے کیلئے پلان طلب کرلیا ہے۔
صوبائی کابینہ نے پنجاب میں انڈسٹریلائزیشن کیلئے اہم فیصلہ کیا، مریم نواز نے کہا کہ سرمایہ کار آئیں، انڈسٹری لگائیں، کام کریں، کارروائی بعد میں ہوگی، پنجاب میں صنعتکاروں کو بزنس کیلئے ہر قسم کی آسانی دینا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ انڈسٹری جتنی لگاسکتے ہیں لگائیں، فوری طور پر این او سی ملے گا، انڈسٹری لگانے کیلئے مشکل پراسس کو آسان اور بزنس فرینڈلی بنائیں گے۔
کینسر کے مریضوں کی کیموتھراپی کے متبادل کرایوبلیشن مشین کیلئے 580 ملین کی منظوری دی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کینسر کا جدید طریقہ علاج بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب میں 5 ہزار960 کانسٹیبل بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں 127 بھرتیوں کیلئے پابندی میں نرمی کی منظوری دی گئی، مری میں ٹریفک مینجمنٹ پلان کے تحت 500 آسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ بھی کیا گیا۔