جہلم: پنجاب کے شہر جہلم میں ایک نکاح رجسٹرار کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے جہلم میں رشوت لیتے ہوئے نکاح رجسٹرار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار نکاح رجسٹرار سے اینٹی کرپشن عملے نے نشان زدہ نوٹ بھی برآمد کر لیے۔
ذرائع کے مطابق ایک شہری نے اپنے بھائی کے غیر شادی شدہ ہونے کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرانی تھی، جب وہ رجسٹرار کے پاس گیا تو اس نے تصدیق کے لیے رشوت طلب کی۔
شہری کے پاس موجود نوٹ پہلے سے نشان زد کر دیے گئے تھے، رشوت وصولی کے بعد نکاح رجسٹرار نے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرا دی۔
بعد ازاں، اینٹی کرپشن حکام نے چھاپا مار کر نکاح رجسٹرار کے قبضے سے نشان زدہ نوٹ برآمد کر لیے، اور رجسٹرار کو گرفتار کر لیا۔