اسلام آباد : نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سزا معطلی کیلئے متفرق درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے نکاح کیس میں سزا معطلی کیلئے متفرق درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست خالد یوسف ایڈووکیٹ نےسیشن جج کی عدالت میں دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار کو پی پی سی کی دفعہ 496 کے تحت سزا سنائی گئی ، 7سال قید کی سزا ،5لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار کو مزید قید سے استغاثہ کا فائدہ نہیں بلکہ سرکاری خزانے پربوجھ ہے، درخواست گزار اور اس کے شوہر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، استغاثہ کےشواہد کمزور اور متضاد ہیں، جن کی بنیاد پر سزا نہیں ہو سکتی۔
دائر درخواست میں کہنا تھا کہ کچھ اہم ثبوتوں پر بھی ٹرائل کورٹ نے غور نہیں کیا،درخواست گزار کو پہلے بھی کسی جرم میں سزا نہیں ہوئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی 3فروری 2024 کے فیصلےپرعملدرآمد معطل اور اپیل پر حتمی فیصلےتک ضمانت دی جائے ، معزز عدالت کے اطمینان کیلئےشورٹی بانڈز دینے کو بھی تیار ہیں۔