اسلام آباد : نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کی بریت کیخلاف اپیل چیف جسٹس کو بھجوادی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام اباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کی نکاح کیس میں بریت کیخلاف اپیلوں پرسماعت ہوئی۔
اسلام آبادہائیکورٹ کےایڈیشنل جج جسٹس اعظم خان نے سماعت کی، عمران خان کی جانب سےوکلاہائیکورٹ میں پیش ہوئے، شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کیس دوسری عدالت کو منتقل کرنے کی استدعا کی۔
درخواست گزار خاورمانیکا کی جانب سے زاہد آصف چوہدری، اقبال کاکڑ اوردیگر پیش ہوئے، زاہدآصف نے کہا کہ 13جولائی 2024 کا ایڈیشنل سیشن جج کا بریت کافیصلہ چیلنج کر رکھا ہے۔
جس پر وکیل شعیب شاہین نے بتایا دلائل دینے سے پہلے ہم کچھ کہنا چاہ رہے ہیں، آپ پہلے اپنا مائنڈ ڈسکلوز کر چکےکیس کسی دوسرے بینچ کو منتقل کر دیا جائے۔
جسٹس اعظم خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک آرڈر کیخلاف نظرثانی درخواست سنی تھی، ہم نیا بینچ تشکیل دینے کیلئے فائل چیف جسٹس کو بھیج دیتے ہیں۔
وکیل خاورمانیکا نے کہا کہ یہ عدالت ہی کیس سن سکتی اعتراض کےحق میں کوئی عدالتی نظیرہوتودیں، آپ نےبطور سیشن جج ایک آرڈر جاری کیا تھا لیکن وہ حتمی فیصلہ نہیں تھا۔
عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہماری استدعا ہے آپ کیس پہلے سن چکےہیں تو دوسرے بینچ کو منتقل کر دیں، اگر یہ بات مان لی جائے پھر تو جج نیچے فیصلہ دےاور ہائیکورٹ میں آ کر برقرار رکھ دے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کیخلاف اپیل کی فائل چیف جسٹس کوبھجوا دی ، کیس چیف جسٹس عامرفاروق کو نیا بینچ تشکیل دینے کیلئے بھیجا گیا اور سماعت ملتوی کردی گئی۔