شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نمرہ خان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا ٹرولنگ کی وجہ سے ان کو رات کو نیند نہیں آتی۔
پاکستانی اداکارہ نمرہ خان نے سوشل میڈیا کے صحیح استعمال کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے صارفین کیلئے آگاہی پیغام جاری کردیا۔
حال ہی میں نمرہ خان نے نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے سوشل میڈیا پر دکھائے جانے والے دھوکے سے متعلق رائے کاکھل کر اظہار کیا۔
نمرہ خان کا اپنی گفتگو میں سوشل میڈیا سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ،’ عام طور پر لوگ سوشل میڈیا پر خوشی کی چیزیں شیئر کرتے ہیں، حالانکہ وہ اندرونی طور پر کسی بہت دردناک مرحلے سے گزر رہے ہوتے ہیں کیونکہ کوئی بھی ان کے دکھ میں دلچسپی نہیں رکھتا۔’
نمرہ کے مطابق ہر شخص کی زندگی میں مشکلات ہیں لیکن اس کے باوجود اگر صرف جھوٹی خوشیاں دکھائی جائیں تو تعریف ملتی ہے لیکن اس کے برعکس اگر اپنا دکھ بیان کردیا جائے تولوگ آپ کو جج کرنا شروع کردیتے ہیں۔’
ساتھ ہی نمرہ خان نے اس بارے میں بھی بات کی کہ جب وہ حال ہی میں کراچی میں اغواء کا شکار ہوئی تھیں تو انہوں نے ویڈیو کیوں پوسٹ کی۔
اس سے متعلق بات کرتے ہوئے نمرہ خان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ان کا مذاق اُڑانے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن انہیں ایسی لڑکیوں سے پیغامات ملے جو ایسی ہی صورتحال سے گزر چکی تھیں اور وہ ان کی مالی، جذباتی اور قانونی مدد کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ مجھ پر توجہ نہ دیں جرم پر توجہ مرکوز کریں، ہر لڑکی کو آزادی سے چلنے کا حق ہے جس طرح مرد سڑکوں پر آزاد گھومتے ہیں، تحفظ کے اس احساس کو حاصل کرنے کے لیے ہمیں ملک چھوڑنے کی کیا ضرورت ہے؟ ہمیں اسے یہاں اپنے ملک کے اندر اپنی حدود میں ہونا چاہیے۔