ابوجا : نائجیریا میں اسکول کی عمارت منہدم ہونے سے نرسری اور پرائمری کلاس کے 9 بچے جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نائجیریا کے شہر لاگوس میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، اسکول کی عمارت گرنے سے 9 بچے جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق اسکول میں 100 سے زائد بچے تھے اور متعدد بچے تاحال ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق بچوں کو عمارت کے ملبے سے نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، عمارت منہدم ہونے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو کے اسکول میں فائرنگ سے 5 طالب علموں سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
برازیل اسکول میں فائرنگ، طالب علموں سمیت 8 افراد ہلاک
حملہ آوروں کی فائرنگ سے 17 طالب علم زخمی ہوئے تھے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 2014 میں نائجیریا کے شہر لاگوس میں 6 منزلہ عمارت گرنے سے 116 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
نائیجریا میں سال 2016 میں چرچ کی عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 100 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔