ایبٹ آباد: خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد کے ایوب میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ طور پر غلط انجیکشن لگنے سے 9 مریض بینائی سے محروم ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایبٹ آباد کے ایوب میڈیکل کمپلیکس کے شعبہ چشم میں 9 مریض کو انجیکشن لگایا گیا جس کے بعد ان کی بینائی غائب ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے سابق فٹبالر افسر حسین بھی بینائی سے محروم ہونے والوں میں شامل ہیں۔
اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر احسن اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مریضوں کو لگنے والا انجیکشن اویسٹین کو ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر احسن اورنگزیب کے مطابق انجیکشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔
ذرائع کے مطابق بینائی سے محروم ہونے والے سابق فٹبالر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کی جانب سے انجیکشن لگایا گیا تھا جس کے بعد سے ہم بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ غلط انجیکشن لگانے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاکر انصاف فراہم کیا جائے۔