اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ نثار علی خان نے پولیس کو اسلام آباد لاک ڈاؤن کے موقع ریاست کی رٹ برقرار رکھنے پر مبارک با د دی ہے۔
اسلام آباد میں پولیس دربار میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے خیبر پختونخواہ کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’’ اگر وہ دوبارہ انتشار پھیلانے کے ارادے سے آئیں گے تو ان کا اسی طرح استقبال کیا جائے گا۔
انہوں نے پرویز خٹک کے الزام کورد کرتے ہوئے کہا کہ فرنٹئیر کانسٹبلری کسی ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے ملک کی فورس ہے اور اسے سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔
یاد رہے کہ پرویز رشید نے گزشتہ روز یومِ تشکر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آنے والے راستوں کی بندش اور کے پی سے آنے والے قافلوں کو روکنے کے لیے ایف سی کی تعیناتہ پر شدید تنقید کی تھی اور اسے پختونوں کو ایف سی سے لڑانے کے مترادف قرار دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کل بھی تو خیبر پختونخواہ سے ایک قافلہ آیا ہے جسے پولیس نے تحفظ فراہم کیا ۔ چوہدی نثار کا مزید کہنا تھا کہ ہم ملک میں امن واستحکام چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چوہدری نثا ر نے اپنی پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے کہا تھا کہ اگر شرکاء نے اسلام آباد میں نقصِ امن کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی تو قانون اپنی عملداری قائم کرنے کے لیے حرکت میں آئے گا۔
پولیس کے ترجمان کے مطابق تحریک انصاف کے جلسے کی سیکیورٹی کے لیے دس ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔