اسلام آباد: وزیرداخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کے اختلافات کھل کر سامنے آگئے، تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد ڈی جی ایف آئی اے اجلاس اور سرکاری گاڑی چھوڑ کر گھر روانہ ہوگئے ۔
اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی اندورنی کہانی اور وزیر داخلہ چوہدری نثار اور ڈی جی ایف آئی اے کے اختلافات سامنے آگئی، اجلاس میں کرپٹ اورمنظورنظرافسروں کاصفایا کرنے پروزیر داخلہ برہم ہوگئے اورڈی جی ایف آئی اے محمد عملیش کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے ڈی جی ایف آئی اے کو مشورہ دیا کہ جیسے کام چل رہا ہے چلنے دیں، ڈی جی ایف آئی اے نے وزیرداخلہ کو بتایا کہ لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہیں، عوام کو پریشان اور ایف آئی اے کو بدنام کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے محمد عملیش نے وزیرداخلہ کو نامناسب سوال کرنے سے بھی روک دیا جس پر اجلاس میں موجود اعلی افسران پر سکتہ طاری ہوگیا، وزیر داخلہ سے تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد ڈی جی ایف آئی اے اجلاس اور سرکاری گاڑی چھوڑ کر گھر روانہ ہوگئے۔