کراچی: پیپلزپارٹی کے سینئر وزیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ عوام کو ڈرا دھمکا کر شہر پر راج کرنے والوں نے بہت سارے علاقوں کو نظر انداز کیا، مردم شماری میں سندھ کے باشندوں کا اندارج بطور سندھی ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ کراچی کے شہری اب لندن کے فون پر شہر بند نہیں کریں گے، عوام کو ڈرا دھمکا کر شہر پر راج کرنے والوں نے مختلف علاقوں کو نظر انداز کیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے گلے کاٹنے والوں ، مذہب پر لڑنے اور یوٹرن لینے والوں کو مسترد کردیا، مردم شماری میں سندھ کے باشندوں کا اندراج ہوگا، مردم شماری کے لیے شناختی کارڈ کی شرط کو ختم ہونا چاہیے۔
یاد رہے مردم شماری سے قبل ایم کیو ایم اور پی پی کے درمیان سیاسی کشیدگی شدت اختیار کرتی جارہی ہے، میئر کراچی نے بھی اختیارات کے مسئلے کو عدالت لے جانے کا اعلان کیا ہے جبکہ سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ وسیم اختر پہلے موجودہ اختیارات والے کام مکمل کریں کیونکہ موجودہ اختیارات بہت ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے دعویٰ کیا ہے کہ مردم شماری کے بعد کراچی کی آبادی کی صحیح تعداد سامنے آنے پر شہر انتظامی یونٹ میں تبدیل ہوسکتا ہے۔