کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ جتنی اچھی تقریر کرلو تالیاں گو نواز گو پر ہی بجتی ہیں اور پی پی نے 2 دن کے نوٹس پر ملین مارچ کر کے دوسروں کا صفایا کردیا۔
وہ یوم مزدور کے حوالے سے نکالی گئی ریلی سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ مزدوروں سے یکجہتی کے لیے گھروں سے نکلے ہیں اور محنت کشوں کو جائز حقوق دلوائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
سندھ کے سنیئر وزیر نثارکھوڑو کا کہنا تھا کہ آج 12 مئی نہیں جوپیپلزپارٹی کےکارکنان پرکوئی گولی چلائے یا کراچی میں خون کی ہولی کھیلے اب دہشت گرد اس شہر کو تاریکیوں میں نہیں دھکیل سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پی پی نے آمرکی گود والوں اورمشرف کے ریفرنڈم والوں کو دیکھ لیا ہے اور اب وزیراعظم نوازشریف کودکھائیں گے کہ مقابلہ کیسےکرتے ہیں اور پیپلز پارٹی کس طاقت کا نام ہے؟
نثارکھوڑو نے کہا کہ نوازشریف کو معززعدالت نے بھی چورکہہ دیا ہے اس لیے اب انہیں مستعفی ہونا پڑے گا اور میں ہزاروں تقریریں کرلوں یا کتنی ہی جوشیلی تقریر کیوں نہ کروں لیکن تالیاں گونوازگو پرہی بجتی ہیں کیوں کہ عوام کی عدالت کا فیصلہ ہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کراچی کے صدر اور مشیر محنت سعید غنی کا کہنا تھا کہ چار سال ہو گئے ہیں لیکن پی آئی اے اور اسٹیل ملز کا وہی حال ہے اور کسان، مزدور و محنت کش پریشان اور بے حال ہیں جب کہ حکمراں مزے لوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس کی طرح وزیراعظم پاناما کی جے آئی ٹی پر بھی اثر انداز ہوں گے اور اگر نواز شریف شفاف اور صاف تحقیقات پر یقین رکھتے ہیں تو استعفی دے کر تحقیقاتی ٹیم کو آزادانہ کام کا موقع فراہم کریں۔