ٹھٹھہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نثار کھوڑو نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مقابلے میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کو بہتر سیاستدان قرار دے دیا۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان پرانے سیاستدان ہیں، ان کا ایک ہی مسئلہ ہے اور وہ مدارس کی رجسٹریشن ہے، وہ سرکار کے بجائے مدارس کی رجسٹریشن تنظیم سے کروانا چاہتے ہیں۔
سینئر رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں پاکستان کی تعلیم یکساں ہو دو تین معیار نہیں ہونے چاہئیں، میں ان کو سنجیدہ سیاستدان سمجھتا ہوں کیونکہ یہ وہ حرکتیں نہیں کریں گے جو عمران خان کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے بھی سول نافرمانی کی تھی جو بری طرح ناکام ہوئی، سول نافرمانی کیلیے ان کی پارٹی میں بھی دو رائے ہیں، سول نافرمانی کی تحریک کامیاب نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیشہ ایسی باتیں کرتے ہیں کہ ہم اس پر بات کریں، انہوں نے جو بھی کیا وہ پاکستان کی مخالفت میں کیا۔
چند روز قبل سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا تب سے سیاسی فین ہوں جب انہوں نے پی ٹی آئی کو پیچھے لگایا۔
کامران مرتضیٰ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ میرا اور کامران مرتضیٰ کا ہاتھ جدا نہیں ہوگا، میں یہاں کسی مطلب یا مفاد کیلیے نہیں آیا۔
فیصل واوڈا نے بتایا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے 26ویں ترمیم پر بات ہوئی، پی ٹی آئی نے جو کیا اس پر انہوں نے مخلصی دکھائی، میں دوستی اور دشمنی کھل کر نبھاتا ہوں، سیاسی طلاقیں اور سیاسی عدت سے متعلق مولانا فضل الرحمان سے معلومات لیں، سربراہ جے یو آئی (ف) کا گھر سیاسی قلعہ ہے ہمیں ماننا چاہیے۔