جمعرات, نومبر 14, 2024
اشتہار

سابق چیئرمین اسٹیل ملز قتل کیس میں نثار مورائی پر فرد جرم عائد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سابق چیئرمین پاکستان اسٹیل سجاد حسین قتل کیس میں سابق چیئرمین فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی نثار مورائی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں سابق چیئرمین پاکستان اسٹیل ملز سجاد حسین کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے تمام ثبوتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمے میں نامزد سابق چیئرمین فشریز نثار مورائی پر فرد جرم عائد کردی۔

ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر 12 گواہان کو طلب کر لیا۔

- Advertisement -

سماعت میں ملزم نثار مورائی کی جانب سے بریت کی درخواست بھی دائر کی گئی۔ عدالت نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو 12 نومبر کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔

واضح رہے کہ سابق چیئرمین فشریز نثار مورائی کو 11 مارچ 2016 کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ فشرمین کو آپریٹو سوسائٹی میں گھپلوں اور منی لانڈرنگ جیسے الزامات میں نیب کو مطلوب تھے۔

سولہ مارچ 2016 کو نثار مورائی کو لیاری گینگسٹرز کی مالی مدد کرنے کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے رینجرز نے ان کا نوے روزہ ریمانڈ حاصل کیا تھا۔

رینجرز حراست کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان سے سمندر کے راستے بیرون ملک غیر قانونی رقم بھجوائی جاتی ہے جس کے لیے اسپیڈ بوٹ کا استعمال کیا جاتا ہے۔

چیئرمین اسٹیل مل کے قتل سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے نثار مورائی نے جے ٹی آئی کے سامنے اقرار کیا کہ سجاد حسین کے قتل کا منصوبہ کیفے کلفٹن میں بنایا گیا تھا۔ ان کے مطابق انہوں نے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کے ہمراہ سجاد حسین کی ریکی کی اور قتل کے وقت بھی وہ سجاد حسین کی گاڑی کے قریب موجود تھے۔

گزشتہ ماہ عدالت نے نثار مورائی کی جانب سے ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ضمانت بھی دی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں