کراچی: دارالصحت اسپتال کی غفلت سے جاں بحق ہونے والی بچی نشوہ کیس کے تفتیشی افسر نے عدالت میں چالان جمع کرادیا جس میں سفارش کی گئی ہے کہ اسپتال انتظامیہ کے خلاف قتل کا مقدمہ بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق تفتیشی افسر نے نشوہ کیس کا چالان عدالت میں جمع کرادیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ’کیس قتل کا بنتا ہے جبکہ پولیس نے قتل بالسبب کا مقدمہ دائر کیا۔‘
چالان میں بتایا گیا ہےکہ مقدمے میں 20 سے زائد ملزمان کو نامزد کیا گیا جس میں سے 10 مفرور ہیں۔ تفتیشی افسر کی رپورٹ کے متن میں سفارش کی گئی ہے کہ ’اسپتال انتظامیہ کے خلاف قتل کی دفعات کا اضافہ کیا جائے‘۔ عدالت چالان کی جانچ پڑتال کے بعد اس کی منظوری دے گی۔
مزید پڑھیں: عدالت نے نشوہ کیس کا فیصلہ سنا دیا
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نشوہ نامی کمسن بچی دارالصحت اسپتال انتظامیہ کی غلفت سے معذور ہوگئی تھی جس کے بعد والد قیصر علی نے شدید احتجاج کیا، اسپتال کے مالک نے والد پر صلح کے لیے سیاسی شخصیت سے بھی دباؤ ڈلوانے کی کوشش کی۔
نشوہ کے والد نے 28 اپریل کو اسپتال کے قریب واقع جوہر چورنگی پر دھرنا دیا تھا جس کے بعد اُن سے مشیر اطلاعات سندھ نے رابطہ کر کے مطالبات پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ قیصر علی نے یقین دہانیوں کے بعد دھرنا ختم کردیا تھا۔