اسلام آباد: ملک بھر میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر اسپرے آپریشن اور سروے جاری ہے، اب تک 59.22 لاکھ ایکڑ پر کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی انسداد ٹڈی دل سینٹر، این ایل سی سی (نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر) نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک بھر میں 59.22 لاکھ ایکڑ پر کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے۔
کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ 41 اضلاع کے متاثرہ علاقوں میں 972 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اب تک ملک بھر میں 24.9 کروڑ ایکڑ پر سروے کیا جا چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 2 لاکھ 19 ہزار 328 ایکڑ پر سروے کیا گیا جبکہ 3 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 469 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔
سندھ میں 24 گھنٹے میں 1 لاکھ 13 سو 75 ایکڑ پر سروے کیا گیا جبکہ 8 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 6 ہزار 380 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔
صوبہ خیبر پختونخواہ میں 24 گھنٹے میں 2 لاکھ 12 ہزار 239 ایکڑ پر سروے اور 4 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 551 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔
کنٹرول سینٹر کے مطابق بلوچستان میں 24 گھنٹے میں 3 لاکھ 75 ہزار 981 ایکڑ پر سروے کیا گیا جبکہ 26 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 8 ہزار 345 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔