ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور اطہراسماعیل نے شہر میں اغوا سے متعلق خبروں کو افواہ اور پروپیگنڈا قرار دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں اغوا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا سوشل میڈیا پر افواہوں کی تحقیقات کیں تو وہ کسی اور ملک کی تھیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا کہ پرانی ویڈیوز کو جوڑ کر سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے ستمبر میں سوشل میڈیا میں اغوا کی خبروں میں شدت آئی۔
اطہراسماعیل کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ ایسے بولا جاتا ہے جیسے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہو لاہور میں گزشتہ سال بچوں کے اغوا کے 96 مقدمات درج ہوئے رواں سال بھی لاہور میں بچوں کے اغوا کے 96 مقدمات درج ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بغیر تحقیق کےخبریں آگے پھیلادی جاتی ہیں کئی ایسے کیسز ہیں جس میں بچے خود گھروں سے چلے جاتے ہیں اور کچھ دنوں بعد واپس اپنےگھروں کو آجاتےہیں کئی ایسےبچےبھی گھروں سے بھاگتے ہیں جن پر گھرمیں تشدد ہوا ہو۔