لندن: پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔سابق صدر آصف زرداری نےسیکیورٹی لیکس کے ذمے داروں کےخلاف کارروائی کامطالبہ کردیا۔
تفصیلات کےمطابق لندن میں رحمان ملک نے آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں سیکورٹی لیکس کے معاملے کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
رحمان ملک نے ملاقات میں موجود صورتحال پر سابق صدر آصف علی زرداری کو بریفنگ دی۔دونوں رہنماؤں نے بگڑتے حالات پر تشویش کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر ہونے والے حملے اور کراچی میں فائرنگ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی،انہوں نے پورے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیازکارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی کا وزیر داخلہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اعتزاز احسن، خورشید شاہ، فرحت اللہ بابر، شیری رحمن، خورشید شاہ، قمر زماں کائرہ اور دیگر نے بلاول بھٹو کے زیر صدارت اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتےہوئےوزیر داخلہ چوہدری نثار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیاتھا۔