لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت سرکٹ ہاؤس میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں امن عامہ کی صورت حال، ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو لیہ کے ترقیاتی منصوبوں، دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ضلع لیہ میں مفادعامہ کی 2284 اسکیموں پر کام جاری ہے، ترقیاتی منصوبوں پر 18 ارب 77 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترقی کے دائرے میں شامل کرکے لیہ کو اس کا حق لوٹائیں گے، ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، میں پنجاب کے ہر ضلع اور تحصیل کا دورہ کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے لیہ کے عوام کو بھی زبانی جمع خرچ سے بہلایا، سابق حکمرانوں نے نظر انداز کر کے لیہ سے ناروا سلوک رکھا، ہمارے دور میں لیہ کی محرومیاں دور ہوں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں منافع خوروں کے لیے کوئی جگہ نہیں، منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔