لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمدمزاری کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی ، تحریک عدم اعتمادپی ٹی آئی رہنماؤں محمودالرشید، احمدخان ،سبطین خان ودیگر کی جانب سے سیکریٹری اسمبلی کے دفتر میں جمع کرائی گئی۔
تحریک عدم اعتماد کے بعد دوست محمد مزاری پراسمبلی اجلاس بلانے کا اختیار نہیں۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2اپریل کو دوست مزاری حمزہ شہباز سے میٹنگ کررہے تھے ، دوست محمد مزاری حمزہ شہباز اور اپوزیشن کےاشارے پر چل رہےہیں۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ہم نے دوست محمد مزاری کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی، دوست محمد مزاری کے پاس اب اجلاس بلانے کا کوئی اختیار نہیں۔
خیال رہے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمدمزاری نے پنجاب اسمبلی کا آج اجلاس طلب کیا تھا ، جس کے بعد ایک غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔
سیکریٹری اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر کے احکامات ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اجلاس کا نوٹی فکیشن16 اپریل کا ہے اور اسے ہی مانا جائے گا، سادہ کاغذ پر اجلاس کبھی نہیں بلایاگیا، اجلاس بلانے کے لیے گزٹ نوٹی فکیشن جاری کرنا پڑتا ہے۔