پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ پشاور میں کرفیو لگانے کا کوئی پلان نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں میڈیا بریفنگ کے دوران مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں کرفیو لگانے اور فوج بلانے کا پلان نہیں، حالات کنٹرول میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرونا سے متعلق آج وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو کرونا صورت حال پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ فیصلےنیشنل کوآرڈینیشن میٹنگ میں وزیراعظم عمران خان کے سامنے رکھے جائیں گے۔انہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ خیبر پختونخوا میں 24گھنٹے میں 88 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد 1541 ہوگئی۔
اجمل وزیر نے کہا کہ 24گھنٹے میں 2 اموات ریکارڈ ہوئیں،صوبے میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 85 ہوگئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں ایک دن میں 41 کرونا مریض صحت یاب ہوئے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں کرونا کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد 455 ہوگئی۔
پاکستان میں کرونا سے ایک دن میں 13 ہلاکتیں، اموات کی تعداد 237 تک جاپہنچی
واضح رہے کہ پاکستان میں میں کرونا وائرس نے مزید 13 جانیں لے لیں، جس کے بعد کرونا سے اموات کی تعداد 237 ہوگئی جبکہ 111 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔